مکہ دفاعی معاہدے کا مشترکہ اعلامیہ پاکستان کے لیے تاریخی قدم ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف
اہم پیش رفت، اجتماعی دفاع اور خودمختاری کا تحفظ، مسلم دنیا متحد ہو رہی ہے
مکہ دفاعی معاہدے کا مشترکہ اعلامیہ پاکستان کے لیے تاریخی قدم ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے کا مشترکہ اعلامیہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی قدم ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اجتماعی دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کو باضابطہ شکل دی ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یہ پیش رفت اس بات کا واضح پیغام ہے کہ مسلم دنیا اپنی سلامتی کے لیے دوسروں کی طرف دیکھنے کی بجائے خود متحد ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق، اس معاہدے کے سیکریٹریٹ کا قیام اس اتحاد کو محض اعلانات سے آگے بڑھ کر عملی بنیادوں پر استوار کرے گا، جبکہ مشترکہ اعلامیہ خطے میں کشیدگی کم کرنے، تنازعات کے پرامن حل، مذاکرات اور سفارت کاری کو بھرپور ترجیح دیتا ہے۔
دستاویز کے مطابق، گزشتہ روز اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کے تحت اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس کا تفصیلی اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں تینوں برادر ملکوں کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے شرکت کی اور خطے کی ابھرتی ہوئی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی اجلاس کی کارروائی پر روشنی ڈالی۔ جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تمام اصولوں اور مقاصد سے اپنی غیر مشروط وابستگی کا عزم دہرایا ہے۔ معاہدے کے بنیادی نکات میں اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ہر فریق کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کا مکمل احترام شامل ہے۔ اجلاس کے دوران سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ شہریوں اور شہری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، اور سعودی عرب کی سلامتی کا بھرپور تحفظ کیا جائے گا۔