امریکا سے پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، ایرانی سفیر

سفارتی رابطے، ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے، حملہ ہونے پر بھرپور جواب دیا جائے گا

November 28, 2026 · بام دنیا
امریکا سے پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، ایرانی سفیر

امریکا سے پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، ایرانی سفیر

تہران (نیوز ڈیسک) اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ پاکستان اور قطر کے توسط سے پیغامات کا باقاعدہ تبادلہ جاری ہے۔ ان کے مطابق، ان دوست ممالک اور ان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ علاقائی امن اور کشیدگی میں کمی کے لیے مختلف تجاویز اور خیالات پر غور کیا جا رہا ہے۔

ایرانی سفیر نے واضح کیا کہ ایران بات چیت اور مذاکرات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، تاہم اگر اس پر کوئی جارحیت یا حملہ کیا گیا تو وہ اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور جواب دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ قطر اور پاکستان کے ذریعے کشیدگی میں کمی کے لیے اہم تجاویز موصول ہوئی ہیں جن کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔

خطے کی دیگر صورتحال پر بات کرتے ہوئے رضا امیری مقدم نے یمن میں جاری تنازع کے خاتمے کے لیے چین اور روس کی سفارتی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر چین یا کوئی دوسرا ملک حوثیوں کو یمن کا ایک حقیقی فریق تسلیم کرتا ہے تو تہران اس ملک میں خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی ہر مثبت کوشش کا خیرمقدم کرے گا۔