نواز شریف پورے نظام کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔بلاول بھٹو

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف پورے نظام کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، اگر انہیں کچھ بتانا ہے تو بتائیں ورنہ چپ ہو کر بیٹھ جائیں یا پھر گھر چلے جائیں جب کہ ذاتی مفاد کے لیے ان کا ساتھ نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پارلیمان اور جمہوریت کمزور ہے اور ہمارے مسائل کو حل کرنے میں نظام ناکام رہا ہے جب کہ کوئی بھی خطرہ ایک دم نہیں آتا شریف برادران نے 5 سال میں ایسے حالات پیدا کیے ہیں، جب ہم کہتے تھے کہ پارلیمان میں ایشوز کو لے کر آئیں تو یہ مانتے نہیں تھے۔ بلاول بھٹو نے عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے جنوبی پنجاب کی بات نہ کی اب ان کو یاد آ گیا، جب ہم نے جنوبی پنجاب کی آواز اٹھائی تو کسی نے ساتھ نہ دیا، عمران خان بتائیں انہوں نے 5 سالوں میں کونسا وعدہ پورا کیا اور 100 دن میں وہ کیسے صوبہ بنائیں گے لیکن پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائے گی۔