بلاول پیپلز پارٹی سے بغاوت کریں تو لیاری والےساتھ دیں گے،حبیب جان

پیپلز پارٹی کے سابق رہنما حبیب جان بلوچ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اب بینظیر بھٹواور ذوالفقار علی بھٹو والی پارٹی نہیں رہی، اگر بلاول بغاوت کریں تو ہم لیاری والے ضرور ساتھ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کئی مقدمات میں مطلوب پیپلز پارٹی کے سابق رہنما حبیب جان بلوچ لندن سے کراچی پہنچ گئے۔لندن سے کراچی پہنچنے پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے حبیب جان بلوچ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی برطانوی شہریت ترک کر کے پاکستان آئے ہیں اور ان کی آمد کا مقصد پارلیمنٹ میں جانا نہیں بلکہ سیاسی جماعتوں میں یکجہتی قائم کرنا ہے۔
حبیب جان نے کہا کہ جب تک آصف علی زرداری ہیں وہ پیپلز پارٹی میں جانے کا تصور بھی نہیں کرسکتے، پیپلز پارٹی اب بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو والی جماعت نہیں رہی، اگر بلاول بغاوت کریں تو ہم لیاری والے ضرور ساتھ دیں گے۔
سابق پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ غنویٰ بھٹو، فہیمدہ مرزا، ذوالفقارمرزا، مصطفیٰ کمال اور تحریک انصاف کے لوگوں سے ملاقات کروں گا، چاہتے ہیں ایسا اتحاد بنے جنہوں نے کراچی کو لوٹا وہ دوبارہ نہ آئیں، ہم سب مل کر ملک اور لیاری کو سنبھالیں گے۔
سابق پی پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ میری اپیل ہے کہ عزیز بلوچ کی ری ٹرائل اپیل کو دوبارہ سنا جائے اور اگر وہ قصور وار ہو تو سزا دی جائے۔