اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے انتخابات 2018 کو شفاف اور غیرجانبداد بنانے کے لئے ملک بھر میں افسران کے تبادلوں کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے مرحلہ وار افسران کے تبادلے کئے جائیں گے اور پہلے مرحلے میں صوبائی چیف سیکریٹریز اورآئی جی پولیس تبدیل کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں افسران کی سیاسی وفاداریاں پرکھنے کے لیے کام شروع کردیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹریز کو افسران کی فہرستوں پر خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے چاروں صوبوں سے گریڈ 18 سے 22 تک کے افسران کی فہرستیں طلب کی جائیں گے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے نیچے کے افسران کے تبادلوں کے لیے بھی چیف سیکریٹریز کو خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نئی تعیناتیوں کے لئے افسران کی فہرستیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو فراہم کرے گا اور اس حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔