سپریم کورٹ کا وی آئی پیز سے غیر ضروری سیکیورٹی واپس لینے کا حکم برقرار

سپریم کورٹ کراچی رجسٹر ی میں وی آئی پیز سے اضافی سیکیورٹی واپس لینے سے متعلق کیس میں عدالت نے سندھ بھر میں تمام وی آئی پیز سے غیر ضروری سیکیورٹی واپس لینے کا حکم برقرار رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں وی آئی پیز سے اضافی سیکیورٹی واپس لینے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے آئی جی سندھ سےکہاکہ 4 ہزار افراد کو سیکیورٹی دی ہوئی ہے؟ خواجہ صاحب خدا کا خوف کریں۔
اس پر آئی جی سندھ نے عدالت کو بتایاکہ تمام وی آئی پیز سے اضافی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، سیکیورٹی مختلف افراد کو دی گئی ہے جنہیں قانون اجازت دیتا ہے۔
جسٹس ثاقب نثار نے حکم دیا کہ کسی ایسے شخص کو سیکیورٹی نہ دیں جسے قانون اجازت نہیں دیتا۔
عدالت نے تمام وی آئی پیز سے غیر ضروری سیکیورٹی واپس لینے کا حکم برقرار رکھا اور کیس کی سماعت ملتوی کردی۔