عمران کے مدمقابل معمر خاتون انتخابات لڑنے سے محروم

بنوں: پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کی خواہش مند 100 سالہ معمر خاتون انتخابات لڑنے سے محروم ہوگئیں۔ معمر خاتون کے پاس فیس کے پیسے پورے نہ ہونے پر ان کے کاغذات نامزدگی جمع نہیں ہوسکے۔
اطلاعات کے مطابق ضلع بنوں کے علاقے ممباتی بارکزئی سے تعلق رکھنے والی 100 سالہ حضرت بی بی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 35 بنوں عمران خان کے خلاف انتخابات لڑنے کی خواہش مند تھیں۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے فیس میں پیسے کم پڑ گئے جس وجہ سے ان کے کاغذات جمع نہیں ہوسکے۔
اس ضمن میں حضرت بی بی کا کہنا تھا کہ غریب طبقے کے لئے الیکشن لڑنا بہت مشکل کردیا گیا ہے۔ حضرت بی بی اس سے پہلے بھی 5 مرتبہ الیکشن میں حصہ لے چکی ہیں لیکن انہیں کبھی کامیابی نہیں ملی۔