الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018 کیلئے بیلٹ پیپر کی چھپائی پاک فوج کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ کیاہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کی سیکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ جس میں وفاقی اور صوبائی چیف سیکرٹریز، وزارت داخلہ اور دفاع کے حکام، چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے آئی جیز پولیس شریک ہیں۔
اجلاس میں بیلٹ پیپر کی چھپائی پاک فوج کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ کیاگیا ہے جب کہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی فوج کی زیر نگرانی ہوگی۔ فوج سیکورٹی پرنٹنگ پریس، پرنٹنگ کارپوریشن اور پوسٹل فاؤنڈیشن پرنٹنگ پریس پر تعینات ہو گی۔
اجلاس کے دوران عام انتخابات کےلیے مکمل سیکیورٹی پلان بنایاجارہا ہے اور پولنگ اسٹیشنز کا سیکیورٹی پلان بھی طے کیا گیا۔
اجلاس کےبعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان الیکشن کمیشن نےبتایا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر پاک فوج کے اہلکار تعینات ہوں گے اور 20 ہزار انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے جو صوبائی حکومت لگائے گی جب کہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر اضافی سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل فوج کی نگرانی میں ہوگی، پاک فوج تمام پرنٹنگ پریسوں کو 27 جون سے 25 جولائی تک فول پروف سیکیورٹی فراہم کرےگی، سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے الیکشن کمیشن ایک ضابطہ اخلاق مرتب کرے گا وہ اس کےپابند ہوں گے جب کہ سیکیورٹی کے حوالے سے نیکٹا کو بھی آن بورڈ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پریزائیڈنگ افسران کی ٹریننگ کے دوران صوبائی حکومتیں سیکیورٹی دیں گی اور سیاسی رہنماؤں کی سیکیورٹی بھی صوبائی حکومت کی ہی ذمہ داری ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو ضابطہ اخلاق مرتب کیا ہے اس حوالے سے چیف سیکریٹری اور آئی جی کو باروا کرایا گیا ہےکہ اس پر عملدرآباد بھی صوبوں کی ذمہ داری ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ اجلاس میں عام انتخابات کی تیاریوں اور اب تک کیے گئے انتظات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات کا انعقاد 25 جولائی کو ہوگا جس کے لیے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔