مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ یہ اوئے اوئے کی سیاست 25 جولائی کو ختم ہو جائے گی، اب کنٹینر کی سیاست نہیں ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے فیصل آباد میں اپنے آبائی حلقے میں عید کی نماز ادا کی ۔ عید کی نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے سیاسی اہمیت نہیں، این اے 106 میں مسلم لیگ (ن) زیادہ مارجن سے ووٹ لے گی، یہ اوئے اوئے کی سیاست 25 جولائی کو ختم ہو جائے گی، اب کنٹینر کی سیاست نہیں ہو گی، زلفی بخاری آف شور کمپنی کے ذریعے عمران خان کے کام سنبھالتے ہیں، عوام کی طرف سے بنائے گئے وزیر اعظم کو بیوی کی عیادت کے لیے نہیں جانے دیا گیا جبکہ پرویز مشرف کے استقبال کی ریڈ کارپٹ تیاریاں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ لوٹے تحریک انصاف کا الیکشن لڑ رہے ہیں اور اصلی تحریک انصاف گھروں میں بیٹھی ہے، جو ایک ماہ قبل پی ٹی آئی میں شامل ہوا اسے الیکشن میں ٹکٹ دے دی گئی۔
رانا ثنااللہ نےمزید کہا کہ عمران خان صاحب نے جو عمرہ ادا کیا ہے اللہ پاک اسے قبول فرمائے، تحریک انصاف کے اپنے لوگ ہی پی ٹی آئی کی ساکھ خراب کر رہے ہیں، سیتا وائٹ کے الزامات ہوں یا ریحام خان کا معاملہ ہو مسلم لیگ ن کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے، ریحام خان کی کتاب آنے سے پہلے ہی پی ٹی آئی رہنما و کارکنان خود ہی اپنی برائیاں بیان کرتے جا رہے ہیں، حمزہ عباسی اور زلفی بخاری ریحام کی کتاب کے معاملے میں خود اپنے سر میں خاک ڈال رہے ہیں۔