ٹکٹوں کی تقسیم پرکارکنوں کا احتجاج،عمران خان کا فیصلہ تبدیل نہ کرنے کا اعلان

اسلام آباد:تحریک انصاف کے کارکنان نے عام انتخابات کے لئے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف بنی گالہ میں احتجاج کیا ہے لیکن عمران خان نے اپنا فیصلہ تبدیل نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بنی گالا میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہرتحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اورشدید احتجاج کیا جس پر عمران خان بھی کارکنوں سے ملنے وہاں پہنچے۔

اس موقع پر کارکنان سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کے ساتھ مل کر میرٹ پرٹکٹ کے فیصلے کئے اس لئے کسی کے کہنے پراپنا فیصلہ تبدیل نہیں کروں گا۔

عمران خان نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ کے کہنے پرفیصلہ تبدیل کرلوں تو کل مزید لوگ آجائیں گے، یہاں اگر50 ہزارلوگ بھی آجائیں تو فیصلہ تبدیل نہیں ہوگا، مجھے آپ کا نہیں اللہ کا ڈر ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نظرثانی پٹیشن فائل کریں، غور کریں گے، آپ پلے کارڈ اٹھا کرآگئے یہاں کوئی جلسہ نہیں ہو رہا۔

عمران خان نے کارکنان سے کہا کہ اگرآپ کو لگتا ہے ٹکٹ کی تقسیم ٹھیک نہیں ہوئی تو دلیل لکھ کردیں جس پر کارکنان نے شکوہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے ممبرسازی کی انہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا اور ٹکٹوں کی تقسیم پرمیرٹ کو نہیں دیکھا گیا۔

عمران خان نے تمام کارکنان کو یقین دہانی کرائی کہ تمام فیصلے میرٹ پر کروں گا، آپ اپنی شکایات بتائیں جس کے بعد کارکنان بنی گالہ سے منتشر ہوگئے۔