بھارت کا آزادیٔ کشمیر کے سرگرم کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ

 

نئی دلی: بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی جدوجہد میں سرگرم کارکنان کو ہدف بناکر قتل کرنے کا منصوبہ بنالیا۔

https://www.youtube.com/watch?v=CjMwzOnfsJ0

 

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ قابض فوج تحریک آزادی کو دبانے کےلیے نہتے شہریوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہی ہے جس میں گزشتہ روز بھی پانچ کشمیریوں کو شہید کیا گیا اور اب بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی کے لیے ایک اور گھناؤنا منصوبہ تیار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں آپریشن آل آؤٹ 2.0 کے نام سے خطرناک منصوبہ تیار کیا ہے اور آزادی کشمیر میں شریک سرکردہ کارکنان کو قتل کرنے کے لیے ہٹ لسٹ بنائی ہے جس میں آزادی کی جدوجہد میں سرگرم 21 افراد کوشامل کیا گیا ہے۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج نے نمازہ جنازہ کے اجتماعات سے نمٹنے کے لیے بھی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تدفین کے انتظامات بھی فوج کے ہاتھ میں ہوں گے۔

 

بھارتی فوج کے منصوبے کے تحت مارے گئے کشمیریوں کی میتیں ورثا کےحوالے نہیں کی جائیں گی اور منصوبے کے تحت کوشش کی جائےگی کہ میتیں غائب کردی جائیں جب کہ وادی میں جلوس اور جنازوں پر پابندی ہوگی۔