کوئٹہ۔تفریحی مقام ہنہ جھیل کا بڑا حصہ ایک مرتبہ پھر خشک ہوگیا

کوئٹہ شہر سے تقریباً 18کلومیٹر کے فاصلے پر واقع پہاڑوں میں گھری ہنہ جھیل کا بڑا حصہ ایک مرتبہ پھر خشک ہوگیا۔
پانی خشک ہونے کے باعث جھیل کے وسطی حصے پر پڑی دراڑیں واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہیں اور تفریح کے لیے آنے والے سیاح جھیل کے خشک حصے پر چہل قدمی کرتے نظر آتے ہیں۔
اس وقت ہنہ جھیل کے محض تھوڑے سے حصے پر پانی موجود ہے اور بیشتر حصہ خشک ہونے کے باعث جھیل چٹیل میدان کا منظر پیش کرنے لگی ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں جھیل پانی سے تقریباً بھر گئی تھی، لیکن کوئٹہ میں درجہ حرارت بڑھنے اور گرمی کے باعث جھیل کا پانی خشک ہوگیا ہے۔
آبی ماہرین کے مطابق اگر موسم گرما میں بارشیں نہ ہوئیں تو جھیل مکمل طور پر خشک ہوجائے گی۔