پیپلزپارٹی اور(ن) لیگ کیخلاف بھی پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کاحکم

 اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کے بعد پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کے خلاف بھی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے مسلم لیگ (ن) کے خلاف غیر ملکی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کی جس میں تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کے خلاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے معاملے کو اسکروٹنی کمیٹی کو بھجوا دیا جو تینوں جماعتوں کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات کریگی۔

اسکروٹنی کمیٹی میں الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاء اور وزارت دفاع کے حکام شریک ہیں۔