لاہور: مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نواز شریف اور مریم نواز کے استقبال کے لیے زور و شور سے تیاریاں جاری ہیں۔
اس سلسلے میں مریم نواز سے اظہار یکجہتی کے لیے لیگی خواتین ورکرز کے لیے سابق لیگی رکن اسمبلی اورڈریس ڈیزائنر حنا پرویز بٹ نے خصوصی طور پر لباس تیار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خصوصی طور پر تیار کیے گئے اس لباس پر مریم نواز کی تصویر بنائی گئی ہے اور خواتین ایئرپورٹ آمد پر یہی لباس پہنیں گی۔خصوصی طور پر تیار کیے گئے اس لباس کی قمیض کا رنگ ہلکا گلابی جبکہ شلوار سفید رکھی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آج لندن سے وطن واپس پہنچیں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے دونوں رہنماؤں کے پرتپاک استقبال کی تیاریاں جاری ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی قیادت میں قافلہ ایئرپورٹ پر جائے گا۔