نواز شریف کی واپسی ایسے ہورہی ہے جیسے کشمیر فتح کرکے آرہےہیں،فواد

اسلام آباد: تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہاکہ شہبازشریف سب کو گلے پھاڑ پھاڑ کر کہہ رہے ہیں کہ استقبال کیلیے آئیں،جب کہ نوازشریف ایسے آرہے ہیں جیسے کشمیرفتح کرکے آرہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے اثاثوں کا پوچھا جائے تو جمہوریت کو خطرہ لاحق ہوجاتا ہے،جبکہ عام اوورسیز پاکستانی بھی شریف خاندان کے خلاف احتجاج کررہا ہے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ دورخی پالیسی رکھی ہے، شہباز شریف کی باری ابھی آنی ہے،انہوں نے مزید کہاکہ ہم حکومت میں ہوتے تونہ گرفتاریوں کی بات ہوتی نہ موبائل فون بند کرنے کی ضرورت ہوتی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ قائدین ملک کا اثاثہ ہیں،عمران خان کی جانب سے بنوں میں اکرم درانی پرحملہ کی شدید مذمت کی گئی ہے، اے این پی کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے انتخابی مہم منسوخ کردی ہے۔
انتخابات کا شفاف پرامن اوربروقت انعقاد ضروری ہےاور قائدین کی حفاظت ضروری ہے۔کے پی کے وزیراعلیٰ ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلائیں،ایپکس کمیٹی کی سفارشات کے مطابق فیصلے کیے جائیں کیوں کہ دشمن انتخابات میں عدم استحکام چاہتا ہے۔