اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ انہیں پاکستانیوں کے دبئی میں موجود خفیہ اثاثہ جات اورآمدنی کی تفصیلات موصول ہوچکی ہیں۔
اس حوالے سے ایف بی آر کے ایک سینئرعہدیدار کا کہنا ہے کہ دبئی ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے موصول ہونے والے اعداد و شمارمیں پاکستانیوں کو جائیداد کے کرایے کی مد میں حاصل ہونے والی آمدن کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب ایف بی آر نے ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے آگاہی مہم تیز کردی ہے اورکراچی کے ٹیکس حکام کو خاص طور پر ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ شہر کے تاجروں کو ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے فوائد سے روشناس کرانے میں فعال کردار ادا کریں تاکہ وہ خفیہ اثاثوں کو ظاہر کر کے مستقبل کے لیے ان پر ٹیکس استثنیٰ حاصل کرسکیں۔