لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نئی حکومت کا آغاز ہی ہارس ٹریڈنگ سے ہورہا ہے جس نظام سے نجات کے لیے قوم بے چین ہے وہی اس پر دوبارہ مسلط کیاجارہا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق سراج الحق کا کہنا تھاکہ جس اسٹیٹس کو اور ظالمانہ نظام سے ہمیشہ عوام پریشان رہتے ہیں اور اس شکنجے کو توڑنا چاہتے ہیں،الیکشن کے بعد وہی فرسودہ اور گلا سڑا نظام ان کے گلے میں ڈال دیا گیا ہے،ہم نظام کی اصلاح چاہتے ہیں تاکہ عام آدمی کو کوئی ریلیف مل سکے،ہم مخالفت برائے مخالفت کے قائل نہیں جمہوری نظام میں ایک مضبوط اپوزیشن ایک آئینے کا کردار ادا کرتی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم بھی آنے والی حکومت کے اچھے کاموں پر اس کی تعریف کرنے میں بخل نہیں کریں گے لیکن جہاں ملک کے اسلامی تشخص او ر وقار پر حرف آئے گا ہم خاموش نہیں رہیں گے، 2اگست کو ہونے والی اے پی سی میں طے پانے والے امور پر ہم قوم کو اعتماد میں لیکر پوری یکسوئی سے آگے بڑھیں گے۔