عامرخان نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرلی

ممبئی: بالی ووڈ اداکارعامر خان نے متوقع وزیراعظم پاکستان عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عامرخان کا کہنا ہے کہ انہیں عمران خان کی وزارت عظمیٰ کے لیے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت اب تک نہیں ملی، اگر دعوت ملتی بھی ہے تو شرکت سے معذرت کرتا ہوں۔

اداکار نے کہا کہ وہ ان دنوں پانی فاؤنڈیشن کے ایک ایونٹ میں مصروف ہیں جس میں 10 ہزار کے قریب دیہاتی شرکت کریں گے۔

دوسری جانب بھارتی سابق کرکٹر کپل دیو کا کہنا تھا کہ مجھے تقریب حلف برادری کے لیے مدعو نہیں کیا گیا اگرچہ مدعو کیا جائے گا اور بھارتی حکومت سے اجازت ملی تو پاکستان جا کر تقریب حلف برداری میں ضرور شرکت کروں گا۔

بھارتی سیاستدان اورسابق کرکٹر و کامیڈین نوجوت سنگھ سدھو نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے انہیں تقریب حلف برداری کے لیے مدعو کیا ہے۔

نوجوت سنگھ سدھو کا مزید کہنا تھا کہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ عمران خان نے مجھے ذاتی طور پر مدعو کیا ہے اور ان کی جانب سے دی گئی دعوت قبول کرلی ہے۔