پی بی 26 سے کامیاب امیدوار غیر پاکستانی قرار

کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر نے عام انتخابات میں حلقہ پی بی 26 کوئٹہ تھری سے کامیابی حاصل کرنے والے امیدواراحمد علی کوہزاد کو بلوچستان ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے خط میں غیرپاکستانی قراردیا ہے۔

بلوچستان ہائیکورٹ پی بی 26 سے کامیاب ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواراحمد علی کوہزاد کی دائرکردہ درخواست کی سماعت کررہی ہے۔

نادرا نے انتخابات سے قبل احمد علی کوہزاد کا شناختی کارڈ افغان مہاجر ہونے کے شبہے میں بلاک کردیا تھا جبکہ الیکشن کمیشن نے انہیں انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا تھا۔

تاہم بلوچستان ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے حکم کو معطل کرتے ہوئے احمد علی کوہزاد کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی تھی۔

معاملے کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا احمد علی کوہزاد ایک پاکستانی خاندان کا حصہ بن گئے تھے۔

اپنے نمائندے کے ذریعے جمع کرائی جانے والی رپورٹ میں ڈی سی نے کہا کہ احمد علی کوہزاد اپنی پاکستانی شہریت ثابت کرنے میں ناکام رہے اورانہوں نے اس حوالے سے کوئی دستاویزی ثبوت جمع نہیں کرایا۔

جسٹس نعیم اخترافغان اورجسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے رپورٹ جمع ہونے کے بعد کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات میں احمد علی کوہزاد 5 ہزار 117 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ مجلس عمل کے ولی محمد نے 3 ہزار242 ووٹ حاصل کئے تھے۔