مسلم لیگ (ن) کا شہبازشریف کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بنانے کا فیصلہ

اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ(ن) نے حکومت سازی اور پارلیمان میں پارٹی کے کردار کے حوالے سے حکمت عملی طے کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اگر قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا کردارادا کرنا پڑا تو شہباز شریف قائد حزب اختلاف ہوں گے۔

تحریک انصاف کے برسراقتدار آنے کے بعد عمران خان کے وزیراعظم بننے کی صورت میں شہبازشریف مسلم لیگ(ن) کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے امیدوارہوں گے اور حزب اختلاف کی تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد انہیں متفقہ اپوزیشن لیڈر کے طورپرنامزد کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزاپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی میں قائد ایوان ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے متفقہ امیدوار لانے کا فیصلہ کیا تھا اوراس ضمن میں ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ، فیصلے کے مطابق وزیراعظم کے لئے امیدوار(ن) لیگ سے جبکہ اسپیکر پیپلزپارٹی اورڈپٹی اسپیکر کا امیدوار متحدہ مجلس عمل سے ہوگا۔