پشاور:کچرے کے ڈھیر سے متعدد بیلٹ پیپر برآمد

 

پشاور :پشاور کے علاقے اچینی میں کچرے کے ڈھیر سے 25 جولائی کے عام انتخابات میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والے متعدد بیلٹ پیپرز برآمد ہوئےہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق برآمد ہونے والے بیلٹ پیپرز میں سے اکثر پر مسلم لیگ (ن) کے انتخابی نشان ’شیر‘ پر مہر لگی ہوئی ہے، جس سے حالیہ انتخابات کی شفافیت پر شکوک و شبہات بڑھ گئے ہیں۔

خیبر پختون اسمبلی کے حلقہ 70 سے (ن) لیگ کے امیدوار ظاہر خان نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ووٹ ان کے حق میں ڈالے گئے تھے۔تاہم انہوں نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کی تصدیق نہیں کی، جس میں کچرے سے برآمد ہونے والے بیلٹ پیپرز دکھائے گئے ہیں۔ان بیلٹ پیپرز کے پیچھے دستخط ہیں نہ کوئی مہر، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انتخابات والے دن پولنگ عملے نے انہیں جاری نہیں کیا۔

 

واضح رہے کہ پی کے 70 (پشاور 5) وہی حلقہ ہے جہاں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد ریٹرننگ افسر نے عوامی نیشنل پارٹی کے خوش دل خان کو کامیاب قرار دے دیا تھا اور سابق صوبائی وزیر و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ فرمان 187 ووٹوں کے فرق سے ہار گئے تھے۔