پاکستان کو گرے لسٹ سےنکالنے میں مدد کیلئے تیار ہیں۔یورپی یونین

اسلام آباد:پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئز کاؤٹن کا کہنا ہے کہ یورپی یونین فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے پاکستان کی مدد کو تیار ہے۔
جین فرانکوئز کاؤٹن نے عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملاقات میں جین فرانکوئز کاؤٹن کا کہنا تھا کہ یورپی یونین تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ کام کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور سیکیورٹی، معیشت، جی پی ایس، تعلیم اور دیہی ترقی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کے لیے تیار ہیں۔
یورپی یونین کے سفیر کا کہنا تھا کہ رکن ممالک سے پاکستان کے لیے سرمایہ کاری حاصل کرنے میں بھی نومنتخب حکومت کی معاونت کریں گے، جبکہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے بھی پاکستان کی مدد کو تیار ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے یورپی یونین کی سفیر کی پاکستان میں ترقی و استحکام کی خواہش کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور ڈاکٹر شہزاد وسیم بھی موجود تھے۔