ایم پی اے عمران علی کی سوتیلی والدہ بھی میدان میں آگئیں

 

کراچی :سول ایوی ایشن کے سینئر افسر داؤد چوہان پر تشدد کرنے والے تحریک انصاف کے ایم پی اے ڈاکٹر عمران علی شاہ کی سوتیلی والدہ بھی میدان میں آگئیں ۔ ان پر تشدد اورزبر دستی جائیداد ہتھیانے کے الزامات عائد کرتے ہوئے عمران خان سے انصاف کی اپیل کردی۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق ڈاکٹر عمران علی شاہ کی سوتیلی والدہ  نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ڈاکٹر ریحانہ شاہ نے الزامات عائد کئے ہیں کہ عمران علی شاہ نے زبردستی ان سے شوہر کی جانب سے ملنے والی جائیداد اور کلینک کو جعلی طلاق نامہ بنا کر ہتھیا لیا جبکہ ان پر عمران علی شاہ نے تشدد بھی کیا ۔

انہوں نے کہا مجھے اور میرے بیٹے کی زندگی خطرات لاحق ہیں اس لئے میں تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان سے مطالبہ کرتی ہوں کہ اگر وہ واقعی تحریک انصاف کے سربراہ ہیں تو مجھ کو انصاف فراہم کریں۔