انتخابات کے دن آر ٹی ایس کی بندش کی تحقیقات مکمل

اسلام آباد: تحریک انصاف نے 25جولائی کو ہونے والے انتخابات کے دن رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) کی بندش کی تحقیقات مکمل کرلیں۔جس میں پی ٹی آئی کی تحقیقاتی کمیٹی نے آر ٹی ایس سسٹم کی ناکامی کا ذمےدار نادرا کو ٹھہرا دیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف سینیٹ میں پارلیمانی رہنما اعظم سواتی و دیگر پر مشتمل آر ٹی آیس شٹ ڈاؤن معاملے کی نگرانی کے لیے تحققیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی تحقیقاتی کمیٹی نے آر ٹی ایس سسٹم کی ناکامی کا ذمہ دار نادرا کو ٹھہرا دیا اور اس کی ناکامی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی بھی سفارش کی ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ الیکشن کے صاف شفاف ہونے کے سارے ثبوت موجود ہیں تاہم کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ آر ٹی ایس کی ناکامی کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے۔
سینیٹر اعظم سواتی کل وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے جس کے دوران وہ آر ٹی ایس نظام کی ناکامی کی تحقیقاتی رپورٹ پر انہیں بریفنگ دیں گے۔
یاد رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پہلی مرتبہ آر ٹی ایس سسٹم کا استعمال کیا گیا جس کے ذریعے ریٹرننگ افسر کو انتخابی نتائج اس سسٹم میں ڈالنا تھے جو براہ راست الیکشن کمیشن کے ہیڈ کوارٹر سے منسلک تھا۔
الیکشن کے روز رات گئے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے نتائج میں تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ آر ٹی ایس سسٹم کے بیٹھنے کی وجہ سے نتائج کی آمد میں تاخیر ہورہی ہے۔