پنجاب کابینہ کیلئے عمران خان نے 30ارکان اسمبلی کے انٹرویو کرلیے

اسلام آباد:پنجاب کابینہ کے لیے وزیراعظم عمران خان نے 30 ارکان اسمبلی کے انٹرویوز مکمل کرلیے، جبکہ کابینہ کے لیے حتمی ناموں کا اعلان کل کیا جائے گا۔
اطلاعات کےمطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کابینہ سے متعلق مشاورت کے لیے انتہائی اہم اجلاس ہوا ، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ سے متعلق عمران خان کو بریفنگ دی جس کے بعد وزیراعظم نے پنجاب کابینہ کے لیے 30 ارکان اسمبلی کے انٹرویوز بھی کیے۔
جبکہ اجلاس میں عبدالعلیم خان، یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، فیاض الحسن چوہان، راجا بشارت، حنیف پتافی اور دیگر بھی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان اور میاں محمودالرشید کو سینئر صوبائی وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جب کابینہ میں یاسمین راشد، اسلم اقبال، فیاض الحسن چوہان، راجا بشارت، حنیف پتافی اور مراد راس کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔