چھٹی لیناہرملازم کاحق ہے،درخواست ملی توقانون کےتحت کارروائی ہوگی،چیئرمین ریلوے

لاہور: پاکستان ریلوے کے چیئرمین جاوید انور نے کہا کہ چھٹی لینا ہر سرکاری ملازم کا بنیادی حق ہے اور حنیف گل کی چھٹی کی درخواست نہیں ملی اگرانکی چھٹی کی درخواست ملی تو قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب ابھی تک چیف کمرشل منیجر ریلوے حنیف گل دفتر میں معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں، جبکہ حنیف گل کا کہنا ہے کہ مجھے چھٹی کی منظوری تک کام کرنے کا حکم ملا ہے جس کی تعمیل کر رہا ہوں لہذا جیسے ہی مجاز حکام چھٹی منظور کریں گے تو رخصت پر چلا جاؤں گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف کمرشل منیجر حنیف گل نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے ناروا رویے پر 2 سال کے لیے چھٹی کی درخواست دی تھی۔اعلیٰ افسر نے درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ وزیر ریلوے کا رویہ نان پروفیشنل اور غیر مہذب ہے لہذا ان کے ماتحت کام کرنا ممکن نہیں۔