کراچی سمیت مختلف شہروں میں آج بھی تعلیمی ادارے بند رہیں گے

 

اسلام آباد:آسیہ بی بی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے باعث کراچی سمیت مختلف شہروں میں تعلیمی ادارے آج بھی بند رہیں گے۔
کراچی میں تمام نجی اسکولز آج بھی بند رہیں گے جس کا اعلان چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے کردیا گیا ہے۔
سندھ حکومت نے بھی آج کراچی میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ نے کہا کہ کراچی کے علاوہ سندھ بھر میں تعلیمی ادارےمعمول کےمطابق کھلیں گے، صرف کراچی میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی میں آج ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کیلئے تحریری ٹیسٹ بھی ملتوی کردیے گئے ہیں جبکہ آئی بی اے کے تحت جاب پورٹل کی آج ہونے والی تقریب ملتوی کردی گئی ہے۔
رجسٹرار اقراء یونیورسٹی نے کہا ہے کہ اقراء یونیورسٹی میں آج ہونے والے امتحانات ملتوی کردیےگئے تاہم یونیورسٹی آج معمول کے مطابق کھلی رہے گی۔
کراچی کی وفاقی جامعہ اردو نے بھی آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے ہیں۔ناظم امتحانات کے مطابق ہفتے کو تمام پرچے معمول کے مطابق ہوں گے۔
قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے بھی آج چھٹی کا اعلان کردیا ہے جبکہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں آج تدریسی عمل معطل رہےگا۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے فاٹا، بلوچستان انڈر گریجوایٹ اسکالرشپ امتحان ملتوی کردیا جو تین نومبر کو ہونا تھا، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق پنجاب کے تمام ثانوی تعلیمی بورڈز کے انٹر کے 2 اور 3 نومبر کے سپلیمنٹری پیپرز ملتوی کردیے گئے ہیں، ملتوی کیےگئے پیپرز کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
محکمہ ہائر ایجوکیش کے مطابق پنجاب کی تمام یونیورسٹیاں اور کالجز آج بند رہیں گے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے جمعہ 2 نومبر کو چھٹی کا نوٹیفیکشن جاری کردیا۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جامعہ آج معمول کےمطابق کھلی رہے گی۔ ترجمان کے مطابق یو ایچ ایس کے تحت پریکٹیکل، تحریری امتحانات شیڈول کےمطابق ہوں گے، ایم بی بی ایس فورتھ ایئر کمیونٹی میڈیسن کا پرچہ آج صبح 10 بجے ہوگا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے بھی پنجاب بھر کے اسکولوں میں آج چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔گذشتہ روز صرف لاہور میں اسکولز کی چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اب محکمہ اسکول ایجوکیشن نے پورے صوبے میں چھٹی کااعلان کیا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری اسکول آج معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں تدریسی عمل معمول کےمطابق جاری رہےگا۔
آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا نے بھی آج اسکولز بند رکھنےکا اعلان کیا ہے۔سوات یونیورسٹی میں بھی آج ہونے والے پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں ، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ساتھ ہی آزاد کشمیر بھر میں سرکاری اسکولز میں جمعہ کو عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جامعہ کشمیر، نجی اسکولز اور کالجز بھی آج بندہوں گے۔