اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےکہاکہ سندھ میں کافی غندہ راج لگا رہا، اس کو بھی ڈیل کرنا ضروری ہے، ہم چوروں اور ڈاکوؤں کو سزا دینے کی بات کرتے ہیں تو پیپلز پارٹی والے ناراض ہوجاتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےسندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اب زرداری کی پارٹی ہے، اس کا بھٹو سے ایسا ہی تعلق ہے جیسا زمین کا آسمان سے، سندھ حکومت سے پوچھیں وفاق سے75 ہزار کروڑ روپے صوبے میں منتقل ہوئے ، وہ کہاں گئے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ جس طرح سندھ نے پچھلے انتخابات میں رسپانس دیا، 1960 کی دہائی کے بعد پہلی بار سندھ لسانی سیاست سے باہر نکلا اور تحریک انصاف کا انتخاب کیا، جس طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں آئندہ انتخابات میں سندھ میں ہمیں دو تہائی اکثریت حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم تعاون میں ذرا بھی کمی کریں تو سندھ حکومت مسائل میں آجائے گی، ہم انہيں ساتھ لے کر چل رہے ہيں، اگر رینجرز ہٹالیں تو پولیس کے پاس پالیسی کو نافذ کرنے کی صلاحیت ہی نہیں۔