اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیر اعظم عمران خان کی تقریر کے دوران ٹی وی اسکرین پر ’بیجنگ‘ کو غلط لکھے جانے نوٹس لے لیا۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا چین کےدارالحکومت بیجنگ میں سینٹرل پارٹی اسکول میں بھی تقریب سے کیا گیا خطاب پاکستان میں بھی نشر کیا گیا تاہم ٹی وی کی اسکرین پر وزیر اعظم عمران خان کی تقریر کے دوران چینی دارالحکومت ’بیجنگ‘ کو غلطی سے ’بیگنگ‘ لکھ دیا گیا،اس سنگین غلطی کی نشاندہی سوشل میڈیا پر بھی کی گئی جس کے بعد وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس افسوسناک غلطی پر انکوائری کا حکم دیا ہے۔
سرکاری ٹی وی نے بھی اپنے ٹوئٹر بیان میں وضاحت دی کہ یہ ’ٹائپو‘ غلطی ہے جو آج وزیراعظم کی تقریر کے دوران 20 سیکنڈ تک اسکرین پر موجود رہی، اس افسوسناک واقعہ کا سختی سے نوٹس لے لیا گیا ہے اور متعلقہ افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کی جا چکی ہے۔