کراچی: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہاکہ موجودہ حکومت کو ہم گرانا نہیں چاہتے لیکن وزیراعظم عمران خان کے یوٹرن کی قیمت قوم کو ادا کرنی پڑرہی ہے۔
سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاکہ ہم نے پاکستان کو سب سے تیز ترقی کرنے والے معاشی ممالک کی فہرست میں شامل کیا لیکن عمران خان کی قیادت میں سیاسی سازش کے ذریعے ہماری کامیابی کو ناکام بنایا گیا۔
انہوں نے کہاکہ 2013 میں پوری دنیا پاکستان کو خطرناک ملک قرار دیتی تھی لیکن ہم نے دنیا کو یہ ثابت کیا تھا پاکستانی قوم اپنے وسائل سے توانائی بحران کو شکست دے سکتی ہے اور یہ تصویر پیش کی تھی کہ پاکستان کی مارکیٹ دنیا کی پرکشش ترین ہے اور یہاں سرمایہ کاری ہوسکتی ہے جب کہ ہم نے دنیا کو بتایا کہ پاکستان نے بہادری کے ساتھ دہشت گردی کو شکست دی ہے۔