کرتارپور راہداری کھلنے کی تقریب میں بھارتی وزیرخارجہ کو دعوت

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں بھارتی ہم منصب سشما سوراج کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج، پنجاب کے وزیر اعلیٰ ارمیندر سنگھ اور نوجوت سنگھ سدھو کو 28 نومبر کو کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا مثبت طرزعمل اور خلوص نیت پوری دنیا کے سامنے ہے۔خیال رہے کہ دو روز قبل حکومت پاکستان کی تجویز پر بھارتی کابینہ نے کرتار پور راہداری کھولنے کی منظوری دی تھی۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا بھارتی کابینہ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری کھولنا دونوں ممالک کی امن پسند لابی کی فتح ہے۔
گزشتہ روز پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ راہداری کھولنے پر پاکستان اور بھارت کا اتفاق ہے تاہم بارڈر کب کھولا جائے گا، اس بات کا فیصلہ دونوں ممالک بات چیت میں طے کریں گے۔