کراچی: چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق قونصلیٹ پر حملہ کرنے والےدہشت گرد حملےکے روز ہی حب کےراستے سے کراچی میں داخل ہوئے ، انہوں نے حب سے شیرشاہ اور پھرمائی کلاچی روڈ سے بوٹ بیسن کا راستہ اختیار کیا۔
دہشت گردوں نے چینی قونصلیٹ کی ریکی حملے کے چند گھنٹے پہلے کی۔ تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے روٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں جبکہ ان سے برآمد ہونے والی گاڑی کرائے پر لی گئی تھی۔
واضح رہے 23 نومبر کو کراچی میں چینی قونصلیٹ پر تین دہشتگردوں نے حملے کی کوشش کی جسے پولیس اور رینجرز کے جوانوں نے ناکام بناتے ہوئے تینوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
دہشت گردوں سے مقابلے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے جب کہ قونصلیٹ میں ویزہ کے لیے آنے والے باپ بیٹے بھی فائرنگ سے شہید ہوئے۔