پاکستان کشمیر تنازع کا سفارتی حل چاہتا ہے،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ کشمیری اپنے خون سے تاریخ لکھ رہے ہیں اور مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی مرضی و منشاء کے مطابق ہونا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے مسئلہ کشمیر سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تصدیق کی۔ رپورٹس میں بھارتی مظالم کا تفصیل سے ذکر ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے کشمیر میں مظالم کی تصدیق کی، کشمیری اپنے خون سے تاریخ لکھ رہے ہیں۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کم ووٹر ٹرن آؤٹ ثابت کرتا ہے لوگ بھارت سے تنگ ہیں، ایسا صرف اس طرح ممکن ہے کہ کسی ملک کے لوگ خود احتجاج کے لیے باہر نکلیں۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کئی روز سے بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے جس سے کئی کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔