جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں انور مجید کی اسلام آباد منتقلی مشکل ہوگئی

کراچی:جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سپریم کورٹ کے حکم پراومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کی اسلام آباد منتقلی مشکل ہوگئی۔

سپریم کورٹ نے 17 نومبر کو لاہور رجسٹری میں جعلی بینک اکاؤنٹس کے کیس کی سماعت کے دوران انور مجید کی اسلام آباد منتقلی کا حکم دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اومنی گروپ کے گرفتار سربراہ انور مجید کی اسلام آباد منتقلی کا عمل مشکل میں پڑ گیا ہے اور قومی ادارہ امراض قلب کے پروفیسر نے انور مجیدکی طبی حالت نازک قرار دی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ معالج کے مطابق انور مجید کو بستر سے ہٹانا یا ہوائی سفر کرانا ممکن نہیں، ان کی سرجری کراچی میں دو اسپتالوں کے علاوہ کہیں بھی نہیں ہوسکتی۔

واضح رہےکہ ایف آئی اے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کررہی ہے اور اس سلسلے میں اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی بھی ایف آئی اے کی حراست میں ہیں جب کہ تحقیقات میں تیزی کے بعد سے اب تک کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آچکے ہیں جن میں فالودے والے اور رکشے والے کے اکاؤنٹس سے بھی کروڑوں روپے نکلے ہیں۔

منی لانڈرنگ کیس میں اومنی گروپ کے سربراہ اور آصف زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور ان کے صاحبزادے عبدالغنی مجید کو سپریم کورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جب کہ زرداری کے ایک اور قریبی ساتھی نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی بھی منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ہیں۔اسی کیس میں تشکیل دی گئی جے آئی ٹی میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور پیش ہوچکے ہیں۔