مجھے نہیں لگتا کپتان کی حکومت زیادہ دن چل پائے گی،آصف زرداری

رحیم یار خان: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت نے کام نہیں کیا تو گھر جانا پڑے گا اور مجھے نہیں لگتا عمران خان زیادہ دیر حکومت سنبھال سکے گا۔
صادق آباد کے علاقے نواز آباد میں پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ان کی سیاست سمجھ ہی نہیں آتی، ان سے نہ معیشت سنبھالی جاتی ہے اور نہ حکومت، دو کتابیں پڑھ کر آپ نے سجھنے کی کوشش کی، مجھے نہیں لگتا کہ کپتان کی حکومت زیادہ دن چل پائے گی۔
آصف زرداری نے حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا یہ سمجھتے ہیں کہ اٹھارویں ترمیم ہم نے اپنے کوئی کام کے لیے کی ہے، دنیا جدید ہوگئی اب سچ کو چھپایا نہیں جاسکتا، کام نہیں کیا تو حکومت کو گھر جانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ صرف پیپلز پارٹی کا دور ایسا تھا جس میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا، اگر میں نے اپنے دور میں ذمہ داریاں پارلیمنٹ کو نہ دی ہوتیں تو آج ڈینٹسٹ یا پکوڑے والا صدر نہ ہوتا۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اللہ ہمیں پھر موقع دے گا، عوام کے اصلی حقدار ہم ہیں، آپ کے بنائے ہوئے پتلے نہیں۔