افغانستان کے صوبہ میدان وردک میں امریکی طیاروں کی بمباری سے مدارس کے 11 طلبہ شہید ہوگئے ہیں۔
امریکی طیاروں نے میدان وردک کے ضلع سعید آباد میں تین دیہات کو بمباری کا نشانہ بنایا۔
ایک مقامی قبائلی رہنما حاجی سیال گل نے افغان ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ امریکی طیارے رات بھر تینوں دیہات پر بمباری کرتے رہے جس کے نتیجے میں 11 طلبہ شہید ہوگئے جبکہ مکانات کو نقصان پہنچا۔
حاجی سیال گل کا کہنا تھا کہ جن علاقوں پر فضائی حملے کیے گئے وہاں طالبان موجود نہیں تھے۔
دوسری جانب میدان ورک کی صوبائی حکومت کے ترجمان عبدالرحمان نے دعویٰ کیا کہ بمباری کا نشانہ طالبان تھے اور 15 طالبان مارے گئے ہیں۔
افغان طالبان نے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی کے بعد امریکہ نے زمینی کارروائیوں کے بجائے فضائی حملوں کا انحصار بڑھا دیا ہے۔