امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے امیگریشن کیلئے محفوظ قانونی راستہ بنانے کی خواہش ہے، کانگریس کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں، ملکر عوام کیلئے کچھ کرنا چاہتا ہوں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی عوام سے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کرتے ہوئے کہا معیشت سمیت ہر میدان میں تیز رفتاری سے ترقی کر رہے ہیں، 21 ویں صدی میں کوئی بھی امریکا کا ہم پلہ نہیں۔ امریکا تیل و گیس کی پیداوار کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا ملک بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں انتقامی سیاست کو مسترد کرنا ہوگا، مشترکہ مفاد کے لیے انتقام کی سیاست کو ترک کر کے مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینا چاہے، مختصر مدت میں اتنی قانون سازی کی جتنی کسی دوسری انتظامیہ نے پوری مدت میں نہیں کی۔
انہوں نے کہاکہ امریکی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جو ہر روز جیت رہی ہے۔ انہوں نے کہا فضول جنگیں اور سیاست معاشی ترقی میں رکاوٹ بن سکتی ہیں، سب کی نظریں کانگریس پر ہیں، ہم دو جماعتوں نہیں ایک قوم کی طرح کام کریں گے، فتح کسی جماعت نہیں ہمارے ملک کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک دشمنوں کو ناکام بنانے کے لیے امریکیوں کو اپنے ملک میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، امریکا ہر دن ہر جگہ فتح یاب ہورہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا امریکا کو چاند پر جھنڈا لہرائے 50 برس بیت گئے، دنیا میں کوئی امریکیوں کا مقابلہ نہیں کرسکتا، امریکا کو دنیا کی بہترین معیشتوں میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ کانگریس کے پاس حکومتی اخراجات کا بل منظور کرنے کے لیے 10 دن ہیں، امریکا کی معاشی ترقی فضول جنگیں، بیہودہ سیاست اور جانبدارانہ تحقیقات روک سکتی ہے، یہ وقت ہے کہ کانگریس دنیا کو بتائے کہ غیرقانونی ایمگریشن، منشیات اور انسانی اسمگلنگ روکنا ہمارا کام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے پالیسی بنائیں، میکسیکو کی جنوبی سرحد کو محفوظ بنانا ہماری قوم اور وطن کےلیے ضروری ہے، ملک و قوم سے محبت کا تقاضہ ہے کہ جنوبی سرحد محفوظ بنائی جائے۔
امریکی صدر نے میکسیکو سرحد پر دیوار بنانے کے لیے پھر سے مذاکرات شروع کرنے پر اصرار کرتے ہوئے ڈیمو کریٹس کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جمود توڑیں، امریکا کی عظمت کو حاصل کریں، میں ہر صورت دیوار بناؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ چین پر واضح کر رہے ہیں کہ امریکی روزگار اور دولت کو مزید نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ہے، ہم نے حال ہی میں 250 ارب ڈالرز کی چینی مصنوعات پر ٹیرف عائد کیے، ملک کو ایک بحرانی صورت حال درپیش ہے جس سے نبرد آزما ہونے کی فوری ضرورت ہے، وقت آگیا ہے کہ سیاسی سوچ سے بالا تر ہو کر، اتحاد اور تعاون کی بنیاد پر ملکی مفاد میں قانون سازی کی جائے۔
امریکی فوج دنیا کی طاقتور فوج ہے،جیت اپنی پارٹی کے لیے فتح حاصل کرنا نہیں بلکہ اس ملک کےلیے فتح اصل کامیابی ہے، امریکی خلانورد اس سال امریکی راکٹ پر خلاء میں جائیں گے۔
انہوں نے کہا امریکا سے بیروزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں، 53 لاکھ نئی نوکریاں پیدا کیں، ملکی ترقی کے لیے اہم شروعات کیں، 2 برسوں میں مسائل کےحل کے لیے انتھک محنت کی، امریکی سیاسی نظام کی وجہ سے آج ہم یہاں موجود ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بے روزگاری 50 سال کے دوران کم ترین شرح پر آ چکی ہے، ٹیکس میں کمی کی وجہ سے کمپنیاں امریکا میں کاروبار کے لیے آ رہی ہیں۔