پاکستان کا عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس پیش کرنے کا اعلان

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیموں کی سخت ضرورت ہے، جسے پورا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 19 فروری کو عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا مضبوط کیس پیش کریں گے۔

مانچسٹرمیں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں دیانتدار قیادت موجود ہے، عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ افغان صدر کواندرونی مسائل پرتوجہ دینے کا مشورہ بھی دیا۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جبکہ برطانیہ کے دورے کا مقصد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا تھا اور برطانیہ کی جماعتیں فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجنے پر متفق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کا کشمیر پر معذرت خواہانہ رویہ تھا، ماضی اور آج کی حکومت کی کشمیر پر پالیسی میں واضح فرق ہے، عالمی مبصرین اور میڈیا کشمیر آنا چاہتا ہے ہم تو تیار ہیں کیا بھارت تیار ہے؟

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برطانیہ کی جماعتیں فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجنے پرمتفق ہیں، عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان ملک کوصحیح سمت میں لے کر جا رہے ہیں، پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اچھی سرمایہ کاری کا ذریعہ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ افغان حکومت کو اپنے اندرونی مسائل پر توجہ دینا چاہیے، پاکستان کا کردار نہ ہوتا تو امریکی صدر افغان طالبان سے امن مذاکرات آگے بڑھانے کے لیے درخواست نہ کرتے، امریکا امن عمل میں پیش رفت پر پاکستان کے کردار کا معترف ہے۔