وزیراعظم سے اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ راحیل شریف کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے سابق آرمی چیف اور اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل (ر)راحیل شریف نے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال سمیت مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سابق آرمی چیف اور اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل (ر)راحیل شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔ملاقات میں دہشتگردی کیخلاف کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے دہشتگردی کیخلاف اسلامی فوجی اتحادکی کوششوں کوسراہا ۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اورچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے جنرل (ر) راحیل شریف سے ملاقات کی ۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے  ملاقات میں علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل(ر)راحیل شریف نے دہشت گردی کےخلاف اقدامات سےآگاہ کیا جبکہ شاہ محمود قریشی نےعلاقائی امن وسلامتی کیلئےاسلامی فوجی اتحادکی کوششوں کوسراہا۔

چیئرمین سینیٹ کی راحیل شریف سےملاقات میں انہوں نے کہا  یہ اتحاد کسی خاص ریاست یا قوم کے خلاف نہیں بلکہ اتحاد دہشت گردی کے خلاف کوششیں مزید منظم بنانے کیلئے ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اتحاد سے دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی، پاکستان خطےکی ترقی و خوشحالی کیلئے مسائل کا پُر امن حل چاہتا ہے، امن ترقی کی ضمانت اور مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں۔

اس موقع پر جنرل (ر) راحیل شریف کا کہنا تھا کہ اسلامی فوجی اتحاد سے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کو تقویت ملی، اتحاد دنیا بھر میں دہشت گردی کےخاتمے اور قیام امن کیلئےکوششیں مربوط بنائےگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ فعال کردار ادا کرتا رہا ہے۔

اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل (ر)راحیل شریف نے  پاک سعودی تعلقات کےحوالے سے منعقد کی گئی تصویری نمائش کا بھی دورہ کیا۔