شہبازشریف کوآج سب جیل سے رہا کیا جائے گا

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اور رمضان شوگر ملز مقدمات میں لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت کےبعد آج سب جیل سے رہا کیا جائے گا۔

تفصیلات کےمطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کوآج سب جیل سے رہا کیا جائے گا،رہائی کے ساتھ ہی منسٹر کالونی میں شہبازشریف کے گھر کو دیا گیا سب جیل کا درجہ ختم ہوجائے گا جب کہ وہ منسٹرانکلیو سب جیل سے رائے ونڈ جائیں گے اوراپنی والدہ سے ملاقات کریں گے،وہ کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف پارٹی رہنماؤں اور ارکان پنجاب اسمبلی سے بھی پارٹی امور پر مشاورت کریں گے۔

گزشتہ روزلاہور ہائیکورٹ نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اور رمضان شوگر ملز میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں فوراً رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔