تاوان وصولی کےبعد تاجر کو قتل کرنے والا متحدہ لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

کراچی پولیس کے کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے تاوان وصولی کےبعد تاجر کو قتل کرنے والے متحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے کورنگی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ملزم ناصر حسین کو گرفتار کرلیا جس کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔

ملزم کے خلاف جوہر آباد تھانے میں مقدمہ نمبر 251/18 درج ہے جس کے مطابق ملزم نے اپنے 2ساتھیوں عدیل اور سرور سے ملکر نومبر 2018 میں تاجر عدنان کو اغوا کیا تھااور مغوی کے اہل خانہ سے 10 لاکھ روپے تاوان وصول کرکے مغوی عدنان کو قتل کر کے اسکی لاش کو جلادی تھی۔

سی ٹی ڈی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ٹارگٹ کلر ناصر کے ساتھی عدیل کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے.

پولیس نے ملزم کے قبضے سے 5 لاکھ روپے اور اسلحہ برآمد کرلیا، ملزم سے تفتیش جاری ہے جس کے دوران اس نے مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔