اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر کہا ہے کہ عالمی ادارہ بھارتی دھمکیوں کا نوٹس لیتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی اورسیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس کوخطے کی بگڑتی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ خطے میں کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرے۔
ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہا اقوام متحدہ بھارتی دھمکیوں اور جارحانہ بیانات کا نوٹس لے، سیکریٹری جنرل خطے میں مشکل سمجھتے ہیں توحل بھی انہی کو نکالنا ہے۔ ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں پربھارتی مظالم کانوٹس لیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں خودکش حملے میں 46 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا ہے تاہم پاکستان نے اس الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دے گا۔