مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ اسپیکر اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری سے نیب پیپلز پارٹی کو کیا پیغام دینا چاہ رہی ہے۔
قومی احتساب بیورو (ںیب) کی جانب سے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتار پر مشیراطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسا رویہ صرف پیپلزپارٹی کے ساتھ ہی کیوں اپنایا جاتا ہے، صرف اپوزیشن کے رہنماؤں کو حراست میں لیا جانا کہاں کا انصاف ہے، کیا وزیراعظم سمیت دیگر وفاقی وزراء اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ بھی یہی رویہ اپنایا جائے گا، وزیراعظم، اسپیکر قومی اسمبلی اور کئی وفاقی وزراء کے خلاف بھی انکوائریاں چل رہی ہیں۔
مشیراطلاعات سندھ نے کہا کہ آغا سراج درانی کی گرفتاری پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے، جرم ثابت ہونے سے قبل گرفتاری کیسے ہوسکتی ہے، پیپلز پارٹی نیب کے اقدام پر اپنا لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
واضح رہے نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے گرفتار کیا ہے۔