سسپنس، جاسوسی، پاکیزہ اور سرگزشت ڈائجسٹ کے بانی اور مدیر تھے۔فائل فوٹو
سسپنس، جاسوسی، پاکیزہ اور سرگزشت ڈائجسٹ کے بانی اور مدیر تھے۔فائل فوٹو

دنیائے ڈائجسٹ کی معروف شخصیت معراج رسول انتقال کر گئے

دنیائے ڈائجسٹ کی انتہائی معروف شخصیت معراج رسول طویل علالت کے بعد 77 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔

وہ طویل عرصے سے صحت کے مسائل سے دوچار تھے۔ معراج رسول کو نماز جنازہ کے بعد ڈیفنس کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

معراج رسول 5 اگست 1942ء کو بھارتی شہر ممبئی میں  پیدا ہوئے، ان کے والد شیخ عبدالغفار 1947ء میں ممبئی سے ہجرت کرکے کراچی آئے تو معراج رسول کی عمر5 سال تھی۔

معراج رسول پاکستان کے صف اول کے ڈائجسٹوں سسپنس، جاسوسی، پاکیزہ اور سرگزشت ڈائجسٹ کے بانی اور مدیر تھے، انہوں نے جاسوسی ڈائجسٹ کی بنیاد 1971 میں رکھی جب کہ 1973 میں خواتین کے لیے پاکیزہ ڈائجسٹ کا آغاز کیا۔

دونوں ڈائجسٹوں نے جلد ہی شہرت کی بلندیوں کو چھولیا، اس کے بعد معراج رسول نے سسپنس اور سرگزشت ڈائجسٹ کی شروعات کی اور یہاں بھی کامیابی ان کا مقدر بنی۔

ڈائجسٹ نکالنے کی تحریک انہیں اپنے والد سے ملی جو اپنے دور کے کامیاب رسالے ’سراغرساں‘کے روح رواں تھے۔
ڈائجسٹوں میں شروع ہونے والی سلسلے وار کہانیوں نے لاکھوں قارئین کو اپنی طرف متوجہ کیے رکھا اور ایک وقت ان کے قارئین کی تعداد 20 لاکھ سے بھی تجاوز کرگئی۔
سسپنس ڈائجسٹ میں طویل ترین سلسلہ ’دیوتا‘ 33 سال تک ہر ماہ بلاناغہ چھپتا رہا، جو اردو کی دنیا میں ایک ریکارڈ ہے۔ اسی طرح سرگزشت اور جاسوسی ڈائجسٹ میں چھپنے والی کہانیاں آج بھی زندہ و جاوید ہیں۔