زرداری اور بلاول کی نیب میں پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے الزام میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور قائدین کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس کی جانب سے سرکار کی مدعیت میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور قائدین کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر اور راجہ شکیل عباسی سمیت 70 جیالے نامزد ہیں جب کہ مقدمے میں پولیس اہلکاروں پر حملہ، کارسرکار میں مداخلت اور توڑپھوڑ کی دفعات شامل ہیں۔
مقدمے میں غیر قانونی جلوس، حکومتی اداروں کے خلاف توہین آمیز نعروں کی دفعات بھی شامل ہیں جب کہ مقدمہ میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی کارکن جلوس کی شکل میں نادراچوک آئے، کارکن حکومت، نیب کے خلاف توہین آمیز نعرے لگا رہے تھے۔
علاقہ مجسٹریٹ نے دفعہ 144 کے نفاذ سے آگاہ کرتے ہوئے منتشر ہونے کا کہا لیکن پی پی پی کارکنوں نے پولیس اہلکاروں پرحملہ کردیا اور کارکن رکاوٹیں توڑتے ہوئے نیب آفس کے بیرونی گیٹ تک پہنچ گئے تھے۔