پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ دھاندلی سے بننے والی حکومت کا احتساب ہوگا جب کہ وزیراعظم ہاؤس سے ابھی سے چیخیں آنا شروع ہوگئی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق نواب شاہ میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ یہ کیا سمجھتے ہیں کہ نیب گردی کے ذریعے ہمارہ راستہ روک لیں گے، ہم جانتے ہیں کہ نیب کالا قانون ہے، جو مشرف کی باقیات ہے، یہ سمجھتے ہیں کہ شہید بھٹو کا نواسہ اوربی بی کا بیٹا ڈر جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں، مشرف آمروں سے نہیں ڈرے تو تم سے کیا ڈریں گے، دھاندلی سے بننے والی حکومت کا احتساب ہوگا اور وزیراعظم ہاؤس سے ابھی سے چیخیں آنا شروع ہوگئی ہیں۔ ابھی تو صرف ٹرین مارچ کا آغاز کیا ہے ، جب لانگ مارچ کریں گے تو کیا ہوگا۔
بلاول نے کہا کہ ہمیں احتساب پر کوئی اعتراض نہیں کرپٹ افراد کو پکڑا جائے لیکن احتساب کے نام پر انتقامی کاروائی منظور نہیں، 18 ویں ترمیم اور 1973 کے آئین میں ہمارا خون شامل ہے اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
بلاول نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم کتھ پتلی حکومت کو نہیں مانتے ، یہ کس قسم کا نظام اورکس قسم کا وزیراعظم ہے، جو مودی کے خلاف دہشت گردوں کے خلاف کالعدم تنظیم کے خلاف کچھ نہیں کرتا اورسیاسی انتقام لیتا ہے۔
بلاول نے کہا کہ میرے ناشتے اور دھوبی کے بلوں پر جے آئی ٹی بن سکتی ہے تو کالعدم تنظیم و ان کے ساتھ تعلقات رکھنے والے وزیروں کے خلاف جے آئی ٹی کیوں نہیں بن سکتی۔