بم کو سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا ۔فائل فوٹو
بم کو سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا ۔فائل فوٹو

افغان فوجیوں کی بس کو بارودی سرنگ دھماکے میں اُڑادیا گیا

شمالی افغانستان میں افغان فوجیوں کی بس کو بارودی سرنگ کے دھماکے میں اُڑادیا گیا جس کے نتیجے میں 10 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے فرح کے ضلع بالا لوک میں فوجی اہلکار ایک وین میں سوار ہو کر فوجی کیمپ تنخواہیں وصول کرنے جارہے تھے کہ اچانک سڑک کنارے نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 10 افغان فوجی ہلاک ہوگئے۔

صوبے فرح کی کونسل کے رکن شاہ محمود نہامی نے میڈیا کو بتایا کہ بم کو سڑک کنارے  نصب کیا گیا تھا اور اس میں خطرناک بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا، زوردار دھماکے میں وین میں سوار تمام فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، طالبان نے بم دھماکے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔

دریں اثنا ایک اور واقعے میں دہشت گردوں نے کابل میں ایک گھر پر حملہ کرکے ایک ہی خاندان کے 7 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، ہلاک ہونے والوں میں 3 خواتین، 2 بچے اور 2 مرد شامل ہیں جب کہ دو افراد زخمی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کو منہ پر تکیہ رکھ کر مارا گیا جب کہ بڑوں پر گولیاں برسائی گئیں۔ ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ رواں ہفتے دہشت گردی کی یہ تیسری بڑی غیر عسکری واردات ہے۔