گورنر سندھ اور پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل فواد چوہدری کی ایم کیوایم سے متعلق بات کے باعث پی ٹی آئی اور متحدہ کے درمیان ماحول خراب ہواہے ۔
عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی میں کچھ نہیں چل رہا، خواجہ اظہار سے کل بات ہوئی فواد چوہدری نے جو بات کی اس سے ماحول خراب ہوا، وزیراعظم سے بات کریں گے اور اس سے ہمارا اتحاد متاثر نہیں ہوگا۔
عمران اسماعیل کا کہناتھا کہ پاکستان میں لوگ دل کھول کے عطیات دیتے ہیں لیکن ٹیکس نہیں دیتے،شوکت خانم میرے دل میں ہے، ہماری خواہش تھی کہ شوکت خانم کراچی میں بنے، کراچی سے لوگ علاج کے لیے باہر جاتے تھے، دنیا میں ایسے ادارے کم ہیں جہاں کینسر کا علاج مفت کیا جا سکے، شوکت خانم وہ ادارہ ہے جس نے چندے میں کبھی خیانت نہیں کی، جب تک کینسر کی آگاہی نہیں ہوگی اس کا علاج ممکن نہیں ہوسکے گا۔
گورنرسندھ نے کہا کہ جو بھی کراچی میں کچرے کی بات کرتا ہے ہم ان کے ساتھ ہیں، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ مکمل طور پر ناکام ہوا ہے، کچرا اٹھانا کے ایم سی کا کام ہے اسے کرنے دیا جائے۔
واضح رہے کہ فواد چوہدری نے کہا تھا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کا جلد صفایا ہوجائے گا، آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ جس پر ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کی جانب سے شدید ردعمل سامے آیا تھا۔