وفاقی کابینہ نے مچھ اوراسامہ ستی کے معاملے پراظہارافسوس کیا۔فائل فوٹو
وفاقی کابینہ نے مچھ اوراسامہ ستی کے معاملے پراظہارافسوس کیا۔فائل فوٹو

وفاقی کابینہ نے نیب اورامریکی خفیہ ادار کے درمیان معاہدے کی منطوری دیدی

وفاقی کابینہ نے نیب اورامریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی کے درمیان معاہدے کی منظوری دیدی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ کابینہ نے  قومی احتساب بیورو (نیب) اورامریکی ادارے ایف بی آئی کے درمیان ایک معاہدے کی منظوری دے دی۔

گزشتہ دنوں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ نیب نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے ایف بی آئی کے ساتھ معاہدے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت  معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا جبکہ وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے اس معاہدے کی مخالفت بھی کی تھی کیونکہ اس سے سیاسی تنازعات پیدا ہوسکتے ہیں۔

کابینہ اجلاس میں نوشہرہ میں ریلوے زمین پرکثیرالمنزلہ عمارت کی تعمیرکی منظوری بھی دی گئی۔ نوشہرہ کینٹ کے قریب ریلوے کی 9.7 کنال زمین پر نوشہرہ ملٹری لینڈ نے کثیر المنزلہ عمارت کیلئے این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا تھا جس وزارت دفاع اور وزارت ریلوے میں تنازع پیدا ہوا تو یہ معاملہ وفاقی کابینہ کو بھیج دیا گیا تھا۔

کابینہ نے گلگت بلتستان میں ٹمبر مافیا کے خلاف اقدام کے لیے فرنٹیئرکور(ایف سی) کی تین سال کے لئے تعیناتی کی منظوری دے دی۔ گلگت بلتستان حکومت نے ٹمبر مافیا سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت سے فورس تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔

ملک میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے معاملے پراجلاس میں تفصیلی بحث ہوئی۔  معاون خصوصی ندیم بابر نے وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو تازہ صورت حال پر بریفنگ دی۔

کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 24 دسمبر کے فیصلوں اور نجکاری کمیٹی کے24 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق کردی۔