اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے گوشواروں میں اثاثے چھپانے کے الزام پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو نااہل قرار دینے کی درخواست یکم فروری کو سماعت کے لیے مقررکردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرارآفس نے آئندہ ہفتے کے مقدمات کی کاز لسٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق فواد چوہدری کے نااہلی کیس کو یکم فروری کو سماعت کے لیے مقررکیا گیا ہے، چیف جسٹس اطہرمن اللہ درخواست گزار سمیع ابراہیم کی درخواست پر سماعت کریں گے۔
عدالت نے درخواست پر فواد چوہدری اورالیکشن کمیشن آف پاکستان کو پہلے ہی نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر رکھا ہے۔
درخواست میں فواد چوہدری پراثاثے چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری نے جہلم کی زمین کو اپنے گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا، وہ صادق اور امین نہیں رہے اس لیے انہیں آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔